کراچی: (دنیا نیوز) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شرقی کی عدالت میں کتے کو قتل کرنے کے مقدمے کی سماعت ہوئی، مقدمہ پولیس اہلکار سمیت 5 افراد کیخلاف درج ہے۔
مقدمہ پاکستان پینل کوڈ کی سیکشن 429 کے تحت درج کیا گیا ہے، فیروز آباد تھانے کے ایس ایچ او نے ایف آئی آر کی کاپی عدالت میں پیش کر دی، جس میں اہلکار علی، حسن، مصطفیٰ، وحید اور علی نامزد ہیں۔
مدعی مقدمہ ریاض حسین نے عدالت کو بتایا کہ علی، حسن اور مصطفیٰ سے کتے کے معاملے پر میری تلخ کلامی ہوئی تھی، ملزمان نے مجھے دھمکی دی کہ تمہارا کتا چند دن کا مہمان ہے، 10 فروری کو ملزمان نے میرا کتا چوری کیا۔
مدعی نے مزید بتایا کہ 12 فروری کو وہ ہل پارک کی کچرا کنڈی میں مرا ہوا ملا، ملزمان نے بے دردی سے کتے کو ہلاک کیا اس کا سینہ جلا ہوا تھا، واضح رہے جرم ثابت ہونے پر ملزمان کو 5 سال قید اور جرمانے کی سزا ہو سکتی ہے۔