عید الاضحیٰ کا بنیادی فلسفہ اللہ کی راہ میں عزیز ترین چیز قربان کرنا ہے، رانا ثناء اللہ

Published On 28 June,2023 11:15 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما اور وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ عید الاضحیٰ کا بنیادی فلسفہ قربانی، ایثار و خلوص اور اللہ کی راہ میں اپنی عزیز ترین چیز نچھاور کرنا ہے۔

عید الاضحیٰ کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ عیدالاضحیٰ کے پر مسرت موقع پر مسلم امہ اور پاکستانی قوم کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں، یہ عید حضرت ابراہیم علیہ السلام کی اطاعت خداوندی اور حضرت اسماعیل علیہ السلام کی تسلیم و رضا کی یاد گار ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان عظیم انبیائے کرام نے اطاعت و ایثار اور قربانی کی لازوال مثال پیش کی، یہ عمل رہتی دنیا کیلئے ایک مشعل راہ کی حیثیت اختیار کر گیا ہے۔

رانا ثناء اللہ کا مزید کہنا تھا کہ اس پر مسرت موقع پر جس قدر ممکن ہو سکے محتاج افراد اور ضرورت مندوں کی امداد کریں، دعا گو ہوں کہ رب تعالیٰ پاکستانی قوم اور پوری ملت اسلامیہ کی عبادات اور قربانیاں قبول و منظور فرمائے۔