اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف کا امیر قطر تمیم بن حمد آل ثانی اور ترک صدر رجب طیب اردگان سے رابطہ ہوا جس میں انہوں نے دونوں قائدین کو عیدالاضحٰی کی مبارک باد دی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے امیر قطر کو ٹیلفون کیا جس میں انہوں نے قطر کے عوام کو بھی عید کی مبارک دی اور ان کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا، امیر قطر نے بھی وزیراعظم شہباز شریف اور پاکستان کے عوام کو عید کی مبارک دی اور جوابی خیر سگالی کے جذبات کا اظہار کیا۔
— PMLN (@pmln_org) June 28, 2023
دونوں قائدین نے پاکستان اور قطر کے برادرانہ اور گرمجوشی پر مبنی دوطرفہ تعلقات کی مزید مظبوطی اور فروغ کیلئے اپنے عزم کا اعادہ کیا، دونوں رہنماؤں نے عالمی اور علاقائی اہمیت کے امور پر باہمی مشاورت اور رابطے برقرار رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔
علاوہ ازیں امیر قطر نے ٹیلی فون کرنے اور عید کی مبارک دینے پر وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا۔
ترک صدر کا وزیراعظم شہباز شریف کو ٹیلیفون
قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف کو ترکیہ کے صدر رجب طیب اردگان نے ٹیلیفون کر کے عید الاضحیٰ کی مبارکباد دی ہے۔
ترکیہ کے صدر رجب طیب اردگان نے وزیراعظم شہباز شریف اور پاکستان کےعوام کو عیدالاضحیٰ کی مبارکباد پیش کی جس کے جواب میں وزیراعظم نے بھی صدر اردگان اور ترکیہ کے عوام کو عید کی مبارکباد دی۔
— PTV News (@PTVNewsOfficial) June 28, 2023
علاوہ ازیں وزیراعظم نے تقریب حلف برداری میں مدعو کرنے پر ترکیہ کے صدر کا شکریہ ادا کیا، دونوں رہنماؤں نے معاشی، دفاعی اور دیگر شعبوں میں باہمی اشتراک مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔