لاہور: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت عید الاضحیٰ پر بارشوں کی تیاری کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا، جس میں چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان، کمشنر لاہور اور دیگر اعلیٰ صوبائی حکام نے شرکت کی، وزیر اعظم نے بارشوں کے دوران نکاسی آب کا مناسب اور بروقت انتظام نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بارشوں کے پیش نظر لاہور میں سیلابی صورتحال میں ناقص کارکردگی کی انکوائری کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ متعلقہ اداروں کے سست اقدامات نے بارش میں شہریوں کو مشکلات سے دوچار کیا، صوبائی حکومت اور ضلعی انتظامیہ ناقص نکاسی آب کی صورتحال کے ذمہ داران کا تعین کر کے کوتاہی برتنے والے حکام کو فی الفور معطل کیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم شہباز شریف کی لاکھوں عازمین حج کو مبارکباد
وزیراعظم نے ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ دنوں میں متوقع بارشوں سے پیدا ہونے والی ممکنہ صورتحال کیلئے مکمل تیاری کی جائے، عید الاضحیٰ کے دنوں میں انتظامیہ مکمل طور پر الرٹ رہے، ممکنہ بارشوں کی صورت میں تمام دستیاب وسائل کو بھرپور استعمال کرتے ہوئے ایمرجنسی پلان مرتب کیا جائے، جلد از جلد نکاسی آب کو ممکن بنانے کیلئے درکار مشینری کے حصول میں درپیش مسائل کو فوری حل کیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم شہباز شریف فرانس اور لندن کا دورہ مکمل کر کے لاہور پہنچ گئے
وزیر اعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ صوبے میں عید کے دوران قربانی کی کھالیں اکٹھی کرنے کی سخت مانیٹرنگ کریں تاکہ کوئی ممنوعہ تنظیم قربانی کی کھالیں اکٹھی نہ کر سکے، عید کے دنوں میں صفائی کے انتظامات یقینی بنائیں، جانوروں کی آلائشوں کے سدباب کیلئے بھرپور انتظامات کیے جائیں، عید اور مون سون کے تناظر میں عوامی سہولت کیلئے خصوصی شکایات سنٹر اور کنٹرول روم 24 گھنٹے کام کریں۔