لاہور: (دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک میں سیاسی اور آئینی بحران پیدا ہو چکا، قومی ادارے آپس میں دست و گریباں ہیں، حقیقی جمہوریت قائم ہونے تک ملک ترقی نہیں کر سکتا۔
منصورہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق کا کہنا تھا کہ قومی وحدت کو پیدا کرنا ہے ایک قوم بنیں گے تو نا قابل تسخیررہیں گے، اگر انتشار میں ہیں تو کسی بھی وقت کوئی ہمیں شکست دے سکتا ہے، پاکستان ایک دلدل میں پھنس گیا، ملک میں سیاسی آئینی بحران پیدا ہوگیا قومی ادارے آپس میں دست وگریباں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج عام شہری کو علاج نہیں مل رہا، معاشی حالات کو دیکھتے ہوئے لوگ باہر جا رہے ہیں، ابھی تک یونان حادثے کی رپورٹ نہیں پیش کی گئی، آج حکمرانوں کی وجہ سے غربت ناچ رہی ہے، وزیر اعظم نے خوشخبری دی ہے کہ آئی ایم ایف سے مزید قرض مل جائےگا کیا قرض ہی خوشی کی خبر ہے؟۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ کیا قرض سے ترقی ممکن ہے ؟ ملک میں قانون کی بالادستی، لوٹنے والوں کا احتساب کریں یہاں دو فیصد لوگ ساری دولت پر قابض ہیں ان مشکلات سے نکلنے کا واحد راستہ انصاف کا نظام ہے، ملک تبھی ترقی کر سکتا ہے جب حقیقی معنوں میں جمہوریت قائم ہو۔