نگران وزیراعلیٰ پنجاب کی عیدالاضحیٰ پرصفائی کے بہترین انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت

Published On 29 June,2023 03:21 pm

لاہور: (دنیانیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے عیدالاضحیٰ پر لاہور سمیت پنجاب بھر میں صفائی کے بہترین انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کر دی۔

تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے عیدالاضحی ٰپر انتظامات کے حوالے سے ہدایات میں کہا کہ آلائشوں کو بروقت اٹھایا جائے اور مناسب طریقے سے ٹھکانے لگایا جائے، سڑکوں یا گلی محلوں میں آلائشیں نظر نہیں آنی چاہئیں اور شہر صاف ستھرے ہونے چاہئیں، سالڈ ویسٹ کمپنیاں، متعلقہ ادارے اور انتظامیہ صفائی انتظامات کو ہر قیمت پر یقینی بنائیں۔

انہوں نے کہا صفائی کے انتظامات گزشتہ برس کے مقابلے میں بہتر ہونے چاہئیں، متعلقہ اداروں کے افسران صفائی کے انتظامات کی خود مانیٹرنگ کریں ، صفائی کے انتظامات کو خوب سے خوب تر بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے مزیدکہا کہ بارشوں کے پیش نظر متعلقہ ادارے اپنی تیاریاں مکمل رکھیں، صفائی کے بارے میں شہریوں کی شکایات پر فوری طور پر کارروائی کی جائے، عیدالاضحیٰ پر صفائی کے انتظامات میں غفلت یا کوتاہی پر ایکشن ہو گا۔