اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق اپوزیشن لیڈر راجہ ظفرالحق نے کہا ہے کہ صرف تقاریر کرنے سے برہان وانی کی مدد ہو گی نہ کشمیریوں کی۔
برہان وانی کی ساتویں برسی کے موقع پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے راجہ ظفر الحق نے کہا کہ پاکستان کے سیاست دانوں سے زیادہ کشمیری لوگ ذہین ہیں، مقبوضہ کشمیر کے لوگ زیادہ دور اندیش ہیں۔
سابق اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ کشمیری ہمیشہ کہتے ہیں ہم نہ ڈرے، نہ پیچھے ہٹے، کشمیری نوجوان ہمیشہ اپنے مشن پر قائم رہتے ہیں، کشمیریوں کی بات میں زیادہ اثر ہوتا ہے۔
راجہ ظفرالحق نے کہا کہ پہلے بھی اپیل کی تھی تقاریر کی بجائے مجلس مشاورت کا انعقاد کیا جائے، کشمیر پر ایک پلان آف ایکشن تشکیل دیا جائے، اگر اس تجویز پر عملدرآمد ہوجائے تو کوئی حل نکل سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت میں جی 20 کانفرنس میں 3 سے 4 ممالک نے شرکت نہیں کی، سابق امریکی صدر اوباما کا کہنا ہے بھارت جیسے ہندوستان میں اقلیتوں کے ساتھ سلوک کر رہا ہے اپنی تقسیم کا سبب بنے گا۔