اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے۔
عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی سمیت شبلی فراز، فرخ حبیب اور حسان نیازی و دیگر رہنماؤں کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے ہیں، تمام ملزمان کو 19 جولائی کو ذاتی حیثیت میں طلب بھی کر لیا ہے۔
انسداد دہشت گردی عدالت نے جوڈیشل کمپلیکس پر حملے کے الزام میں اسلام آباد کے تھانہ رمنا کے 2 اور تھانہ گولڑہ میں درج ایک مقدمے میں وارنٹ گرفتاری جاری کیے۔
دوران سماعت چیئرمین پی ٹی آئی کے وکلاء کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی، وکیل کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے لاہور ہائیکورٹ میں پیش ہونا ہے، لاہور ہائیکورٹ میں پیشی کے باعث سابق وزیراعظم اسلام آباد نہیں آسکتے۔
جج ابوالحسنات نے ریمارکس دیئے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو عدالت پیش ہونا پڑے گا،عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی سمیت تمام ملزمان کو 19جولائی کو ذاتی حیثیت میں طلب کر کے کیس کی سماعت 19 جولائی تک ملتوی کردی۔