گلگت بلتستان میں سکیورٹی اداروں کی تعیناتی کی مدت میں ایک سال کی توسیع کا فیصلہ

Published On 17 July,2023 02:14 pm

اسلام آباد: (دنیانیوز) وفاق کی جانب سے گلگت بلتستان میں سکیورٹی اداروں کی تعیناتی کی مدت میں ایک سال کی توسیع کا فیصلہ کرلیا گیا ۔

ذرائع کے مطابق کابینہ نے فوج ، رینجرز ، جی بی سکاوٹس اور ایف سی کی تعیناتی کی مدت میں توسیع کی منظوری دیدی، وفاقی کابینہ نے سرکولیشن سمری کے ذریعے منظوری دی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت داخلہ نے مدت میں توسیع کی سمری بھجوائی تھی ، جی بی حکومت نے انٹرنل سکیورٹی کیلئے تعیناتی میں توسیع کی درخواست کی تھی، جی بی میں پاک فوج کی تعیناتی میں30جون2024 تک ایک سال کی توسیع کردی گئی ہے ۔

ذرائع کے مطابق فوج سی پیک منصوبوں ، شاہراہ قراقرم سمیت سکیورٹی پرتعینات ہوگی، گلگت بلتستان میں پنجاب رینجرز کی تعیناتی میں بھی ایک سال کی توسیع کی گئی ہے جبکہ رینجرز کی تعیناتی میں30 جون اور24 اکتوبر 2024 تک توسیع ہوگی۔

ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے گلگت بلتستان میں فرنٹیئر کانسٹیبلری کی تعیناتی میں30 جون 2024 تک توسیع کی گئی ہے ۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ جی بی سکاوٹس کی تعیناتی میں 30 جون 2024 تک توسیع کی گئی ہے ، جی بی سکاوٹس کے کچھ پلاٹونز کی تعیناتی میں 23 اگست2024 تک توسیع کی گئی ہے۔