اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اور رہنما مسلم لیگ (ن) میاں جاوید لطیف نے کہا ہے کہ ایک شخص نے پاکستان کی اینٹ سے اینٹ بجا دی، آج بھی آئین و قانون پر عمل نہیں ہو رہا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جاوید لطیف نے کہا کہ قوم مذہب کا استعمال کر کے ریاست سے کھیلنے والوں کو یاد رکھے گی، کچھ لوگ باہر بیٹھ کر ریاست کے خلاف استعمال ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں آئین و قانون غریب کے لئے ہے، طاقتور کے لئے نہیں، لہٰذا غریب اور امیر کے لئے ایک جیسا قانون ہونا چاہیے۔
جاوید لطیف کا کہنا تھا کہ تحریک عدم اعتماد کوئی سازش تھی اور نہ اس کے لئے کوئی فنڈنگ باہر ہوئی، البتہ ریاست پر حملہ کرنے والے کو دہشتگرد ہی کہیں گے، آئین اور ریاست کے خلاف بولنے والوں پر آرٹیکل 6 کیوں لاگو نہیں ہوتا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ایک شخص نے پاکستان کی اینٹ سے اینٹ بجادی، ادارے کہاں ہیں؟ اعظم خان کے بیان نے سائفر کا بھانڈا بھی پھوڑ دیا، ریاست اور اداروں کے خلاف نوجوانوں کی ذہن سازی کی گئی جس کے نتیجے میں 9 مئی کے واقعات ہوئے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ انصاف کے نام پر قوم کے ساتھ مذاق کیا گیا، کسی کو بھی ریاست کے ساتھ کھیلنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
پارٹی قائد کے حوالے سے جاوید لطیف نے کہا کہ نواز شریف آج بھی ملک کو بھنور سے نکالنے کی پوزیشن میں ہیں، وہی قوم کو جوڑ سکتے ہیں اور معیشت سنبھال سکتے ہیں۔