اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ سائفر کے جھوٹے ڈرامے سے ملکی اداروں کی ساکھ متاثر ہوئی، ذمہ داران کو سزا ضرور ملنی چاہیے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے ملکی مفاد کے ساتھ کھیل کھیلا، سابق پرنسپل سیکرٹری اعظم خان کا بیان ان کے خلاف فرد جرم ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سائفر معاملے پر چیئرمین پی ٹی آئی کیخلاف سیکرٹ ایکٹ کی کارروائی ہو گی: عطا تارڑ
وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے اپنے ٹوئٹ میں مزید کہا ہے کہ میر جعفر کون ہے پتہ چل گیا، پی ٹی آئی کا جتھا ملکی مفاد کیخلاف کام کر رہا تھا، سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی بھی سائفر ڈرامے میں ملوث تھے۔
چیئرمین PTI نے ملکی مفاد کے ساتھ کھیل کھیلا، PS کابیان ان کے خلاف فرد جرم ہے، میر جعفر کون ہے پتہ چل گیا۔ PTI کا جتھہ ملکی مفاد کے خلاف کام کر رہا تھا، سابق وزیر خارجہ بھی سائفر ڈرامے میں ملوث تھے، جھوٹے ڈرامے سے ملکی اداروں کی ساکھ متاثر ہوئی، ذمہ داران کو سزا ضرور ملنی چاھیے۔
— Rana SanaUllah Khan (@RanaSanaullahPK) July 19, 2023
قبل ازیں نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ 9 مئی کو ملک کے دفاع پر حملہ کرنے والے جتھے کو ملک کی سیاست میں حصہ لیتے ہوئے نہیں دیکھ رہا، بغض اور کینہ رکھنے والوں کو ملکی سیاست اور الیکشن میں حصہ نہیں لینا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ الیکشن کروانا الیکشن کمیشن کا کام ہے، صاف اور شفاف الیکشن کیلئے ایسا بندہ ہونا چاہیے جس پر سب کو اعتماد ہو۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ 90 روز میں الیکشن ایک آخری حد ہے، مطلب اس کے اندر ہی ہوں گے، 90 دن کا مطلب یہ نہیں کہ اسی دن ہوں، الیکشن 70 یا 60 دن میں بھی ہو سکتے ہیں، چاروں صوبائی اور قومی اسمبلی کا الیکشن ایک ہی دن ہوگا۔