اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو سزا یا نا اہلی ہو گی اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے، سزا الیکشن سے پہلے ہو گی یا بعد میں ہو گی، معلوم نہیں۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنااللہ نے کہا کہ مردم شماری کو دوبارہ کرانے کے لیے سب کو متفق ہونا ہوگا، نواز شریف کی واپسی کا باقاعدہ اعلان ہو گا، ابھی تک حتمی تاریخ نہیں ہے، شیخ رشید کو گرفتار کر کے اسے اہمیت نہیں دینا چاہتے۔
رانا ثنااللہ نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات میں جو پی ٹی آئی والے ملوث نہیں ان کے خلاف کارروائی نہیں ہونی چاہئے، پی ڈی ایم کی تمام سیاسی جماعتیں اپنے اپنے پلیٹ فارم سے الیکشن لڑیں گی، کسی سیاسی جماعت کے ساتھ انتخابی اتحاد نہیں کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: ن لیگ اور پیپلز پارٹی میں 8 اگست کو قومی اسمبلی تحلیل کرنے پر اتفاق
وزیر داخلہ نے کہا کہ پنجاب میں اسمبلی کی سو اور صوبائی اسمبلی کی دو سو سیٹیں پکی ہیں، دہشت گردی کی کارروائیوں میں افغان سرزمین ملوث ہے، افغان حکومت روکنا نہیں چاہتی یا صلاحیت نہیں ہے، یہ سوال اپنی جگہ موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایڈیشنل سیشن جج پر جو الزامات لگائے گئے ہیں وہی الزامات سپریم کورٹ اور ہائیکورٹ کے ججز پر بھی ہیں اس کا فیصلہ جوڈیشری نے کرنا ہے، 190 ملین پاؤنڈ واپس لینے کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کرنا ہو گا۔
رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں امید نہیں کہ ہماری اپیل منظور ہو گی، عمران ریاض کہاں ہے اللہ بہتر جانتا ہے، فیملی کی طرف سے رابطہ کیا گیا تو مدد کے لیے تیار ہیں۔