اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ حکومت کشتی سانحے کا شکار افراد کے خاندانوں کی ہر قسم کی بھرپور معاونت کرے گی۔
اپنے ایک بیان میں رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ یونان کشتی حادثہ میں اموات ایک بہت بڑا سانحہ ہے، ملک بھر کے عوام اپنے بھائیوں کی دیار غیر میں اموات پر سوگوار ہیں، پاکستان بھر میں سانحہ پر قومی سطح پر سوگ منایا جا رہا ہے، انسانی سمگلنگ کو روکنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ درندہ صفت انسانی سمگلروں کے خلاف ایف آئی اے حرکت میں آ چکی ہے، لاہور اور کراچی میں اس سلسلہ میں گرفتاریاں بھی عمل میں لائی گئی ہیں، اس سانحہ میں ملوث موت کے تمام افراد کو قانون کے شکنجے میں لایا جائے گا، وزیر اعظم کی ہدایت پر تحقیقاتی کمیٹی بنائی گئی ہے،کمیٹی ذمہ داروں کا تعین کرے گی اور انسانی سمگلنگ کے انسداد کیلئے سفارشات مرتب کرے گی۔
رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ انسانی سمگلنگ کا دھندہ کرنے والوں کو عبرتناک سزا کیلئے خصوصی قانون سازی کی جائے گی، حکومت اس سانحہ کا شکار ہونے والوں کے خاندانوں کی ہر قسم کی بھرپور معاونت کرے گی۔
وزیر داخلہ نے جاں بحق افراد کی مغفرت کیلئے دعا کی اور کہا کہ جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین سے مکمل ہمدردی اور دکھ میں شریک ہیں۔