قانون نافذ کرنے والے اداروں نے انسانی سمگلرز کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کر دیا

Published On 18 June,2023 07:00 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) یونان میں کشتی ڈوبنے کے حادثے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے انسانی سمگلرز کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کر دیا۔

لاہور میں ایف آئی اے اینٹی ٹریفکنگ سرکل نے کارروائی کرتے ہوئے کشتی حادثہ میں ملوث انسانی سمگلر کو گرفتار کر لیا، ملزم طلحہ شاہزیب نے متاثرہ کی فیملی سے یونان بھجوانے کیلئے پیسے لیے، کل 35 لاکھ روپے وصول کئے گئے، ملزم کا تعلق شیخوپورہ سے ہے، ایجنٹ کیخلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

گجرات سے بھی انسانی سمگلر کو گرفتار کر لیا گیا، ایجنٹ محمد شبیر نے متاثرہ شہریوں کو یورپ بھجوانے کیلئے پیسے وصول کئے، فی کس 23 لاکھ روپے مختلف لوگوں سے وصول کئے گئے، ایجنٹ کو یونان کشتی حادثے کی متاثرہ فیملی کی نشاندہی پر حراست میں لیا، ملزم کا تعلق وزیرآباد سے ہے، مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی۔

ایف آئی اے انسداد انسانی سمگلنگ ونگ نے اسلام آباد کے سیکٹر جی 13 میں چھاپہ مار کر ویزے کے نام پر شہریوں سے لاکھوں روپے لوٹنے والا انسانی سمگلر گرفتار کر لیا، ملزم خود کو غیر ملکی قونصل خانے کا ملازم ظاہر کرتا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: میرپور: انسانی سمگلنگ میں ملوث 9 ایجنٹوں کو گرفتار کر لیا گیا

ایف آئی اے کے مطابق ملزم محمد آصف نے متعدد شہریوں سے کینیڈا امیگریشن کے نام پر پیسے بٹورے، آصف خان کے قبضے سے 12 پاسپورٹس، جعلی کینیڈین اور ترکش ورک ویزے برآمد ہوئے۔

ایف آئی اے میگریشن حکام نے اسلام آباد ائیرپورٹ سے جعلی ویزوں پر اٹلی اور سپین جانے والے مسافروں کو آف لوڈ کر دیا، خرم سلیم نامی مسافر نے غلام مرتضیٰ کے پاسپورٹ پر اٹلی جانے کی کوشش کی، پاسپورٹ پر اٹلی کا جعلی ویزا اور جعلی امیگریشن سٹیمپس لگی ہوئی تھیں۔

دوسرے مسافر سعد سعید نے ناظم سعید کے پاسپورٹ پر سپین جانے کی کوشش کی، پاسپورٹ پر سپین کا جعلی ویزا اور متعدد جعلی امیگریشن سٹیمپس لگی ہوئی تھیں، دونوں مسافروں کو مزید کارروائی کیلئے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد منتقل کر دیا گیا۔