اسلام آباد: (دنیا نیوز) یونان کشتی حادثے کی تحقیقات کیلئے وزیراعظم کی قائم کردہ تحقیقاتی کمیٹی نے کام شروع کر دیا۔
کمیٹی لاہور اور کراچی میں گرفتار ایجنٹوں سے متعلق جانچ پڑتال کرے گی، تحقیقاتی کمیٹی نے ایف آئی اے سے بھی ریکارڈ طلب کر لیا۔
قبل ازیں وزیر اعظم نے کشتی حادثے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کیلئے 4 رکنی اعلیٰ سطح کی کمیٹی بھی تشکیل دے دی، کمیٹی کے چیئرمین ڈی جی نیشنل پولیس بیورو احسان صادق ہیں۔
وزارت خارجہ کے ایڈیشنل سیکرٹری (افریقہ) جاوید احمد عمرانی، آزاد جموں و کشمیر پونچھ ریجن کے ڈی آئی جی سردار ظہیر احمد اور وزارت داخلہ کے جوائنٹ سیکرٹری (ایف آئی اے) فیصل نصیر بھی کمیٹی کا حصہ ہیں۔
خصوصی کمیٹی یونان میں کشتی ڈوبنے کے تمام حقائق جمع، انسانی سمگلنگ کے پہلو کی تحقیقات کر کے ذمہ داروں کا تعین کرے گی، کمیٹی ایک ہفتے میں رپورٹ وزیر اعظم کو پیش کرے گی جس کی روشنی میں مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔