ایف آئی اے کی کارروائی ، یونان کشتی حادثے میں ملوث ایک اور ایجنٹ گرفتار

Published On 19 June,2023 12:51 pm

گجرات: (ویب ڈیسک ) ایف آئی اے نے یونان میں تارکین وطن کی کشتی ڈوبنے کے سانحے میں ملوث ایک اور ایجنٹ کوگرفتار کرلیا ہے۔

وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے یونان کشتی حادثے میں ملوث ایک اور ایجنٹ کی گجرات سے گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ گرفتار ایجنٹ کا تعلق وزیرآباد سے ہے، ملزم رقم لیبیا میں مرکزی ایجنٹوں کو بھیجتا تھا۔

حکام کاکہنا ہے کہ ملزم کو متاثرہ خاندان کی نشاندہی پر گرفتار کیا گیا جس سے مرکزی انسانی سمگلرز سے متعلق تحقیقات جاری ہیں۔

گزشتہ روز بھی ایف آئی اے نے پاکستانیوں کو اٹلی بھجوانے والے مرکزی ایجنٹ ساجد محمود کو کراچی ائیرپورٹ سےگرفتارکیا تھا ، ملزم پاکستان سے آذربائیجان فرارہونےکی کوشش کررہاتھا۔

خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے یونان میں تارکینِ وطن کی کشتی ڈوبنے کا واقعہ پیش آیا تھا جس میں تقریبا 700 افراد سوار تھے ، حادثے میں آزاد کشمیر سے تعلق رکھنے والے 135 افراد سمیت 298 پاکستانی جاں بحق ہوئے ہیں۔

دفتر خارجہ نے 17 جون کو ایک بیان میں تصدیق کی تھی کہ لوگوں کی تلاش جاری ہے، اب تک زندہ بچ جانے والوں کی تعداد 104 ہے، جس میں 12 پاکستانی بھی شامل ہیں۔

واضح رہے کہ وزیر اعظم نے یونان میں 14 جون کو ہونے والے کشتی کے حادثے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے واقعے کی تحقیقات کے لیے 4 رکنی اعلی سطح کمیٹی  تشکیل دی  جبکہ کشتی ڈوبنے سے پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے پر آج ملک بھر میں یوم سوگ منایا جا رہا ہے اس سلسلے میں قومی پرچم سرنگوں ہے، جاں بحق ہونے والوں کیلئے خصوصی دعا کی جائے گی۔