اسلام آباد: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما اور وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ (ن) لیگ کے امیدواروں کی پنجاب میں پوزیشن مستحکم ہے، مشکل وقت میں ساتھ دینے والوں کو ٹکٹ دیے جائیں گے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی جنرل کونسل کے اجلاس سے خطاب میں وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ہم نے صوبے میں تنظیم مکمل کی ہے، پارٹی کو یونین کونسل کی سطح تک منظم کرنے کا پروگرام بنایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی کے تمام ونگز کو پوری طرح متحرک کیا ہے، مریم نواز نے ہر سطح کے ذمہ داروں سے ملاقاتیں کیں، مریم نواز نے پنجاب کی تمام ڈویژنز کا دورہ کیا۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ جو کہتا تھا بہت مقبول ہوں آج ملاقاتوں کیلئے بھیک مانگ رہا ہے، اللہ تعالیٰ نے ہمارے قائد کو سرخرو کیا، وہ کہتا تھا کہ کسی کو نہیں چھوڑوں گا، آج سب نے اس کو چھوڑ دیا، سب اس کی پارٹی کوچھوڑ کر بھاگ رہے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ مشکل وقت میں ہمارے کسی رہنما یا کارکن نے پارٹی کو نہیں چھوڑا، مریم نواز کو والد کے سامنے اس لیے گرفتار کیا گیا کہ اس کا حوصلہ توڑا جا سکے۔