اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے امریکی محکمہ خزانہ کے ڈپٹی انڈر سیکرٹری برینٹ نیمن نے ملاقات کی، اس موقع پر امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم بھی موجود تھے۔
وزیرخزانہ نے امریکا کے ساتھ اقتصادی اور تجارتی شعبوں میں تاریخی اور پائیدار دو طرفہ تعلقات پر روشنی ڈالی اور معاشی استحکام کیلئے حکومتی پالیسیوں اور پروگراموں سے بھی آگاہ کیا، اسحاق ڈار نے امریکی وفد کو آئی ایم ایف کے ساتھ ہونے والے مذاکرات کے بارے میں بھی بتایا اور آئی ایم ایف سٹینڈ بائی ارینجمنٹ معاہدہ مکمل کرنے کیلئے حکومت کے پختہ عزم سے آگاہ کیا۔
اعلامیے کے مطابق وزیر خزانہ نے آئی ایم ایف کیساتھ معاہدے میں تعاون پر امریکی انتظامیہ اور امریکی محکمہ خزانہ کا شکریہ ادا کیا، برینٹ نیمن نے بھی حکومت کی جانب سے مانیٹری اور فسکل پالیسی میں بروقت اصلاحات کے اقدامات کو سراہا اور پاکستان کو معاشی ترقی کی راہ پرگامزن رکھنے کیلئے ایسے اقدامات اور پالیسیوں کے تسلسل پر زور دیا، برینٹ نیمن نے پاک امریکا اقتصادی اور تجارتی تعلقات کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
امریکا کے ڈپٹی انڈر سیکرٹری خزانہ برینٹ نیمن نے پاکستان کی برآمدات کی صلاحیت کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان امریکا کے عالمی تعلقات کا اہم شراکت دار رہا ہے، پاکستان کے ساتھ تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے خواہشمند ہیں، وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے امریکا کی حمایت اور تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت امریکا کے ساتھ دوطرفہ اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کیلئے پرعزم ہے۔