اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم میاں شہباز شریف نے اوورسیز پاکستانیوں کیلئے آن لائن ڈیوائس رجسٹریشن سسٹم کا افتتاح کر دیا، رجسٹریشن نظام کے اجرا سے اوورسیز پاکستانیوں کیلئے ذاتی موبائل فون پر ٹیکس کی میعاد کو 2 ماہ سے بڑھا کر 120 دن کر دیا گیا ہے۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آج ہم نے آن لائن ڈیوائس رجسٹریشن سسٹم کا افتتاح کیا، امین الحق، ڈی جی پی ٹی اے اور تمام افسران کا شکریہ ادا کرتا ہوں، سمندر پار لاکھوں پاکستانیوں کیلئے سہولت فراہم کی گئی ہے، سمندر پار پاکستانی 2 ماہ کیلئے بغیر ٹیکس دیئے پاکستان میں موبائل فون کا استعمال کر سکیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: چین نے مزید 600 ملین ڈالر کا قرضہ رول اوور کر دیا، وزیراعظم
وزیر اعظم نے کہا ہے کہ آن لائن ڈیوائس کی مدت کو 2 ماہ سے بڑھایا جا سکتا ہے، دو ماہ سے زیادہ قیام کی صورت میں بھی رجسٹریشن کی سہولت دی جائے گی، دیار غیر میں جو پاکستانی رہتے ہیں ان کو سہولیات دینے کیلئے جو کچھ کر سکتے ہیں کرنا چاہیے، انفارمیشن ٹیکنالوجی کو دنیا میں بے پناہ پذیرائی ملی ہے، پاکستان میں کروڑوں نوجوان تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے مزید کہا ہے کہ پاکستانی نوجوان آئی ٹی میں تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں، نوجوانوں کی تربیت کیلئے تیزی سے کام کرنا چاہیے، ووکیشنل ٹریننگ کیلئے آئی ٹی پارک کو تیزی سے آگے بڑھایا جائے، سخت محنت سے کام کیا جائے تو آئی ٹی کے میدان میں تیزی سے آگے بڑھ سکتے ہیں، لاکھوں بچوں کو میرٹ پر لیپ ٹاپس فراہم کیے گئے۔