اسلام آباد: (دنیانیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان کو سٹیٹ بینک پاکستان میں ایک ارب ڈالر ڈیپازٹ کرانے پراماراتی صدر کا شکریہ ادا کیا ہے ۔
جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے یو اے ای کے صدر شیخ محمد بن زاید سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ متحدہ عرب امارات نے مشکل وقت میں بروقت مدد کی، یو اے ای کی مدد سے آئی ایم ایف کا اسٹینڈ بائی ایگریمنٹ طے کرنے میں بڑی مدد ملی، پاکستان کے عوام اور سیاسی قیادت یواے ای کی اس خیرسگالی کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
وزیراعظم نے شیخ محمد بن زاید سے کہا کہ آپ نے ذاتی دلچسپی لےکرپاکستان کو معاشی بحران سے نکالنے میں مدد کی، اس کا شکریہ ادا کرنے کے لیے میرے پاس الفاظ نہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت نے بامعنی اصلاحات کی ہیں، سپیشل انویسٹمنٹ فیسلیٹیشن کونسل کی تشکیل کا محور ہول آف دی گورنمنٹ اپروچ ہے، ادارہ جاتی سطح پر انتظام نے پاکستان کی معیشت کوٹھوس معاشی روڈ میپ دیا ہے۔
وزیراعظم سے گفتگو کرتے ہوئے یو اے ای کے صدر نے کہا کہ یواے ای اورپاکستان کے قریبی دوستانہ اور برادرانہ تعلقات استوارہیں، برادرپاکستان کی مدد کرنا ہمارے ملک کی ذمہ داری تھی، وزیراعظم شہباز شریف شاندار قائدانہ صلاحیتوں کے مالک ہیں، مجھے اعتماد ہے کہ وزیراعظم شہبازشریف پاکستان میں ایک بڑی تبدیلی لائیں گے۔
شیخ محمد بن زاید نے مزید کہا کہ پاکستان کے لیے سرمایہ کاری روڈ میپ کے بارے میں سن کر خوشی ہوئی، پر اعتماد ہوں کہ پاکستان معاشی طور پر قابل ذکر ترقی کرے گا۔
اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے یو اے ای کے صدر کو رواں سال سب سے زیادہ تعداد میں یو اے ای سے عازمین کی حج کے لئے روانگی پر مبارک پیش کی ، وزیراعظم نے صدر یواے ای کو دورہ پاکستان کی دعوت دی جوانہوں نے قبول کرلی۔