اسلام آباد : ( دنیا نیوز ) وزیراعظم شہباز شریف سے سابق صدر آصف علی زرداری اور وفاقی وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے وزیر اعظم ہاؤس میں ملاقات کی ہے۔
وزیراعظم آفس سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے دونوں رہنماؤں کا استقبال کیا جبکہ اس موقع پر وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور ایاز صادق بھی موجود تھے۔
اعلامیہ میں مزید کہا گیا کہ وزیر اعظم ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں سیاسی صورتحال پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔
دوسری جانب ذرائع نے بتایا کہ ملاقات کے دوران آئندہ عام انتخابات، قومی اسمبلی کی تحلیل اور نگران سیٹ اپ کے امور پر مشاورت کی گئی۔