قومی اسمبلی تحلیل کرنے کی تاریخ پر ابھی فیصلہ نہیں ہوا: وزیر اطلاعات کی وضاحت

Published On 18 July,2023 08:29 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی تحلیل کرنے کی تاریخ پر ابھی فیصلہ نہیں ہوا۔

قومی اسمبلی کی تحلیل کے بارے میں میڈیا پر چلنے والی خبروں کی وضاحت کرتے ہوئے وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم اور اتحادی جماعتوں کی مشاورت سے تاریخ کا فیصلہ ہوگا، قومی اسمبلی کی تحلیل کی تاریخ کے فیصلے کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی نے 8 اگست کو قومی اسمبلی تحلیل کرنے پر اتفاق کر لیا ہے، 8 اگست کو قومی اسمبلی تحلیل کرنے کی تجویز پاکستان پیپلز پارٹی نے دی تھی جبکہ قانونی ماہرین کی طرف سے بھی حکومت کو 8 اگست کی تجویز دی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ن لیگ اور پیپلز پارٹی میں 8 اگست کو قومی اسمبلی تحلیل کرنے پر اتفاق

ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی کی تحلیل کے حوالے سے 9 اور 10 اگست کی تاریخوں پر بھی غور کیا گیا، یاد رہے قومی اسمبلی کی مدت 12 اگست تک ہے، اگر 8 اگست کو اسمبلی تحلیل نہیں ہوتی تو اس صورت میں 12 اگست کو رات 12 بجے اسمبلی از خود تحلیل تصور ہو گی۔