اسلام آباد: (دنیا نیوز) سیکرٹری الیکشن کمیشن عمر حمید نے کہا ہے کہ اگر اسمبلیاں اپنی مدت پوری کریں یا پھر 90 روز ہوں تو ہم الیکشن کیلئے تیار ہیں۔
میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری الیکشن کمیشن عمر حمید نے کہا ہے کہ کوشش ہے کہ آئندہ عام انتخابات سے قبل میڈیا سے رابطے میں رہیں، انتخابی اصلاحات کمیٹی کو الیکشن کمیشن نے 60 سے زائد سفارشات دی تھیں، میری معلومات کے مطابق ہماری تقریباً ساری سفارشات مان لی گئی ہیں۔
انہوں نے کہا جب تک باضابطہ ہماری سفارشات منظور نہیں ہو جاتیں اس وقت تک کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا، الیکشن کمیشن عام انتخابات کے انعقاد کیلئے تیار ہے، اگر نئی مردم شماری کی منظوری ہو جاتی ہے تو ہمیں حلقہ بندیوں کیلئے 4 ماہ لگیں گے، اسمبلیاں 12 اگست کو تحلیل ہوتی ہیں تو عام انتخابات 11 اکتوبر تک کرا دیں گے۔