لاہور : ( دنیا نیوز ) پنجاب پولیس کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل ( ڈی آئی جی ) شارق جمال پراسرار طور پر انتقال کر گئے۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ ڈی آئی جی شارق جمال کی لاش فلیٹ نمبر 104 اے تھانہ نشتر کی حدود میں پائی گئی جبکہ وہ ڈیفنس فیز فور میں رہائش پذیر ہیں اور انکی رہائش گاہ کو تھانہ ڈیفنس اے لگتا ہے ۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ ڈیفنس اے ڈویژن پولیس نے ایک مرد اور ایک خاتون کو حراست میں بھی لیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ شارق جمال کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے جناح ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ انکی پراسرار موت کا مقدمہ انکی بیوی کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا جائے گا، گھر سے دور نجی فلیٹ سے لاش کا بر آمد ہونا تحقیقات کا باعث بنا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تفتیش کیلئے گھر سے کھانے پینے کی اشیاء اور برتنوں کو قبضے میں لے لیا گیا۔
پولیس نے کہا کہ شارق جمال کو ہسپتال لایا گیا تو منہ اور ناک سے خون بہہ رہا تھا، موت کی وجوہات کا تعین پوسٹ مارٹم کے بعد ہوگا۔
واضح رہے کہ شارق جمال ڈی آئی جی ٹریفک اور ڈی آئی جی ریلوے بھی تعینات رہے جبکہ وہ کچھ عرصہ قبل ہی گریڈ 21 میں ترقی کے لیے کورس کر کے آئے تھے اور ان دنوں آفیسر آن سپیشل ڈیوٹی ( او ایس ڈی ) تھے۔