لاہور : ( دنیا نیوز ) صوبائی دارالحکومت سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا جبکہ نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔
صوبائی دارالحکومت میں صبح کے وقت ہوا کے ساتھ کالے بادل چھائے اور پھر مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی کہیں تیز بارش ہوئی۔
اسلام پورہ ، گوالمنڈی، ایبٹ روڈ، ہال روڈ، مال روڈ ، ڈیوس روڈ، گڑھی شاہو، نشتر کالونی، گلشن راوی، ہربنس پورہ سمیت شہر بھر میں بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا جبکہ نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔
گلشن راوی کے علاقے میں سب سے زیادہ 178 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ جیل روڈ پر 91.5، ایئر پورٹ 88 ، گلبرگ میں 99 ، لکشمی چوک میں 162 ملی میٹر اور اپرمال میں 105 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں:محسن نقوی کا لاہور کے مختلف علاقوں کا دورہ، بارش کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لیا
مغلپورہ میں 122 ملی میٹر، تاجپورہ میں 156 ملی میٹر ، نشتر ٹاؤن میں 100 ملی میٹر سے زائد ، چوک ناخدا میں 89 ملی میٹر ، پانی والا تالاب میں 152 ملی میٹر، جوہر ٹاؤن میں 100 ملی میٹر اور قرطبہ چوک میں 149 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
بارش کے باعث بجلی کا نظام بھی مفلوج ہو گیا اور لیسکو ریجن میں 160 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے ، فیڈرز ٹرپ ہونے اور دیگر تکنیکی خرابیوں کے باعث متعدد علاقے بجلی سے محروم ہوگئے۔
راوی روڈ ، امین پارک ، داتا نگر ، شاد باغ، گلشن راوی ، سمن آباد ، شاہدرہ ، حالی روڈ ، حمزہ ٹاؤن ، اتحاد کالونی ، ڈیفنس ، ستارہ کالونی، باغبانپورہ، داروغہ والا ، مغلپورہ کے متعدد علاقوں میں بجلی بند ہوگئی جبکہ والٹن روڈ ، بھٹہ چوک، جوڑے پل، چونگی دوگیج، ہربنس پورہ ، فتح گڑھ اور الطاف کالونی سمیت دیگر علاقوں میں بھی بجلی کی ترسیل کا نظام معطل ہوگیا۔
مزید پڑھیں:قصور: بارش کے پانی میں ساتویں کلاس کا طالب علم ڈوب کر جاں بحق
ترجمان لیسکو کے مطابق لیسکو چیف شاہد حیدر نے بارش شروع ہوتے ہی تمام فیلڈ سٹاف کو ہائی الرٹ کر دیا ہے اور بارش کے رکتے ہی بجلی بحالی کا عمل شروع کر دیا جائے گا، صارفین بارش کے دوران بجلی کی تنصیبات سے دور رہیں، اپنے بچوں کو تاکید کریں کے وہ بجلی کے پولز کے قریب نہ جائیں۔
دوسری جانب پنجاب کے مختلف شہروں گوجرانوالہ، قصور، شیخوپورہ، پتوکی، ساہیوال کامونکی، میانوالی، منڈی بہاؤ الدین، نارووال اور پسرور میں بھی خوب بادل برسے جس سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔