کراچی: (دنیا نیوز) کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں مون سون بارشوں کی نئی پیش گوئی کر دی گئی، شہر قائد میں آج سے اتوار تک کبھی ہلکی اور کبھی تیز بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہرون میں مون سون کے دوسرے سپیل کی پیشگوئی جاری کی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مون سون ہوائیں کل رات سے مشرقی سندھ میں داخل ہوگئی تھیں، آج جمعرات سے 23 جولائی تک وقفے وقفے سے کراچی میں بارش کا امکان ہے، سندھ کے مختلف اضلاع میں آندھی اور گرج چمک کیساتھ بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی ڈویژن میں 21 سے 23 جولائی کے دوران آندھی اور گرج چمک کیساتھ بارش ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر قائد میں کہیں کہیں موسلا دھار بارش بھی ہو سکتی ہے، آندھی اور تیز ہوائیں کمزور املاک کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔
میٹ آفس نے عوام کو بارش اور آندھی کے دوران محتاط رہنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے۔