دریائے راوی سے سیلاب کا خطرہ ٹل گیا، پانی کے بہاؤ میں نمایاں کمی

Published On 16 July,2023 01:03 pm

لاہور: (دنیا نیوز) بھارت میں شدید تباہی مچانے والے دریائے راوی سے پاکستان میں سیلاب کا خطرہ ٹل گیا، دریا میں پانی کی سطح معمول پر آنا شروع ہوگئی، شاہدرہ کے مقام پر پانی کے بہاؤ میں نمایاں کمی آگئی۔

بھارت میں ستلج اور دریائے بیاس کے ساتھ ساتھ راوی نے بھی شدید تباہی مچائی، تینوں دریاؤں کے بپھرنے کے باعث تین بھارتی ریاستوں اُتراکھنڈ، ہِماچل پردیش اور بھارتی پنجاب کو شدید ترین سیلابی صورت حال کا سامنا ہے جس میں راوی کا بھی نمایاں حصہ شامل ہے۔

یہ بھی پڑھیں: دریائے ستلج میں ہیڈسلیمانکی کے مقام پر پانی کی سطح میں اضافہ، حفاظتی بند ٹوٹ گئے

خوش قسمتی سے سرحد کے اِس پار راوی میں سیلاب کا خطرہ ٹل گیا ہے اور بیشتر مقامات پر دریا معمول کے مطابق بہہ رہا ہے، شاہدرہ کے مقام پر پانی کا بہاؤ 20 ہزار اور ہیڈ بلوکی کے مقام پر 41 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا جارہا ہے۔

ادھر دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے، ملک کے دیگر تمام دریا معمول کے مطابق بہہ رہے ہیں۔