لاہور : (دنیانیوز) پنجاب سمیت ملک کے مختلف حصوں میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا ، محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کی نوید سنادی ۔
گرمی کے ستائے عوام نے سکھ کا سانس لیا ، پنجاب کے مختلف شہروں گوجرانوالہ ، فیصل آباد ، چونیاں،عارف والا اور دیگرعلاقوں میں بادل کھل کر برسے ، بارش کے پانی سے گوجرانوالہ کے نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے اورپانی جمع ہونے سے مختلف سڑکوں پر بیشتر موٹر سائیکلیں اور گاڑیاں بند ہو گئیں۔
صوبائی دارالحکومت لاہور کے مختلف علاقوں میں بھی بونداباندی سے موسم خوشگوار ہوگیا ، محکمہ موسمیات نے شہر میں آج اور کل وقفے وقفے سے مزید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے ۔
کراچی میں بھی بارش کی انٹری ، کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا اور شہریوں کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے ، کراچی کے علاقوں آئی آئی چندریگر روڈ، پی آئی ڈی سی، شارع فیصل،گارڈن اور ملیر سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش ہوئی ۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران شہر میں دن کے اوقات میں مطلع جزوی ابرآلود اور رات میں ابرآلود رہےگا، کراچی میں سمندری ہوائیں بحال رہیں گی۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے اسلام آباد، شمال مشرقی بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں بھی بادل برسنے کی پیشگوئی کردی ہے ۔