نگران وزیر اعلیٰ کا نالہ لئی کا دورہ، پیشگی اقدامات کے باعث نقصانات سے محفوظ رہے، محسن نقوی

Published On 20 July,2023 07:03 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نالہ لئی کے ہنگامی دورے پر راولپنڈی پہنچ گئے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ انتظامیہ کی جانب سے پیشگی اقدامات کے باعث ریکارڈ بارش میں بھی علاقہ نقصانات سے محفوظ رہا، انتظامیہ نے بارش کے دوران اچھا کام کیا۔

محسن نقوی نے کہا کہ کوشش کر رہے ہیں کہ نالہ لئی کا معاملہ جلد از جلد حل ہو جائے، راولپنڈی کےمسائل کے حل کے لیے ہر ممکن وسائل فراہم کریں گے، انہوں نے کہا کہ راولپنڈی میں ریکارڈ 205 ملی میٹر بارش ہوئی، نالوں کی بروقت صفائی سے نکاسی آب میں آسانی ہوئی۔

نگران وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ نالہ لئی منصوبے کو منظور کرنے کی کوشش کریں گے، راولپنڈی کے لیے جو وسائل چاہیے ہوں وہ پنجاب حکومت فراہم کرے گی۔

اس سے قبل نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے کٹاریاں کے مقام پر نالہ لئی کا دورہ کیا، کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ، واسا اور آر ڈی اے کے افسران محسن نقوی کے ساتھ تھے، آر پی او راولپنڈی سید خرم علی اور دیگر افسران بھی کٹاریاں کے مقام پر موجود تھے۔

ڈی سی راولپنڈی حسن وقار چیمہ اور صوبائی وزیر ڈاکٹر جمال ناصر سمیت مسلم لیگ ن کے رہنما ناصر بٹ اور متعلقہ افسران بھی کٹاریاں کے مقام پر موجود تھے، ایم ڈی واسا راولپنڈی محمد تنویر کی جانب سے محسن نقوی کو بریفنگ دی گئی۔
 

Advertisement