اسلام آباد: (فوزیہ علی) محکمہ موسمیات نے رواں ہفتے مزید مون سون بارشوں کی پیش گوئی کر دی۔
بحیرہ عرب سے مون سون ہوائیں کل رات ملک کے بالائی و وسطی علاقوں میں داخل ہوں گی، مون سون ہوائیں 19 جولائی کو شدت اختیار کریں گی، کل سے کشمیر، گلگت بلتستان، مری، گلیات اسلام آباد میں گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب اور خیبرپختونخوا کے بعض اضلاع میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، اس دوران بعض مقامات پر موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے، بلوچستان اور سندھ میں بھی کہیں کہیں وقفے وقفے سے بارش متو قع ہے۔
20 اور 22 جولائی کے دوران شہید بینظیر آباد، حیدرآباد، بدین، ٹھٹھہ میں بارش کا امکان ہے، اسی مدت میں کراچی میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کیساتھ بارش ہو سکتی ہے، کہیں کہیں موسلادھار بارش بھی متوقع ہے، موسلادھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مری، گلیات سمیت پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خطرہ ہے، محکمہ موسمیات کی جانب سے شہریوں خصوصاً سیاحوں کو احتیاطی تدابیر اپنانے اور متعلقہ اداروں کو بھی الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔