لاہور: (دنیا نیوز) ملک میں مون سون بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہوگیا ہے، قصور میں دریائے ستلج سے منسلک 15 دیہات زیر آب آگئے، بہاولپور کے مقام پر بھی پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔
گنڈا سنگھ والا اور ہیڈ سلیمانکی کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے، قصور اور اوکاڑہ کے متعدد دیہات بھی زیر آب آگئے ہیں، پی ڈی ایم اے نے گنڈا سنگھ والا کے مقام پر اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
ادھر دریائے راوی میں بھارت سے چھوڑا جانے والا 1 لاکھ 85 ہزار کیوسک کا سیلابی ریلا شکر گڑھ کے سرحدی گاؤں جلالہ، کوٹ نیناں، بھیکو چک، جرمیاں، کرتار پور اور جسڑ سے ہوتا ہوا لاہور کی جانب بڑھ رہا ہے۔