لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے بتایا کہ محکمہ آبپاشی کی رپورٹ کے مطابق دریائے چناب کا پانی جھنگ کے 40 دیہات میں داخل ہو چکا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ اپنی ٹیم کے ساتھ آج ضلع جھنگ کے سیلاب سے متاثرہ تمام علاقوں کا دورہ کیا ہے، سیلاب زدگان کے ریلیف اور بحالی کے لئے انتظامی سطح پر بہت کچھ بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بھارت کی جانب سے پانی چھوڑنے پر دریائے ستلج میں نچلے درجے کے سیلاب کا خدشہ
انہوں نے کہا کہ جھنگ کی انتظامیہ کو امدادی کارروائیاں تیز کرنے کا حکم دے دیا ہے، ڈی سی جھنگ کو سیلاب سے متاثرہ تمام دیہات تک امدادی ٹیموں کی رسائی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
— Mohsin Naqvi (@MohsinnaqviC42) July 12, 2023
محسن نقوی نے کہا کہ سیلاب متاثرہ علاقوں میں ادویات اور اشیائے ضروریہ کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی ذمہ داری ہے، کمشنر فیصل آباد کو صورتحال کے نارمل ہونے تک ضلع جھنگ میں ہی رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
نگران وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ تمام اضلاع میں سیلاب زدگان کے لئے ریسکیو آپریشنز کی خود نگرانی کر رہا ہوں، صوبہ بھر میں کہیں بھی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔