لاہور : (دنیانیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے گنگا رام ہسپتال کا دورہ کیا اور مزنگ ہسپتال سے ملحقہ دیوار گرنے کے واقعہ میں زخمی ہونے والوں کی عیادت کی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ مزنگ ہسپتال سے ملحقہ شادی ہال کی دیوار گری، 14 زخمیوں کو گنگا رام ہسپتال لایا گیا ہے، 4 افراد کی حالت تشویشناک ہے، واقعہ میں زخمی ہونے والوں کو مفت علاج معالجہ فراہم کیا جارہا ہے، زخمیوں کو بہترین علاج کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ زخمیوں کو ایک دو روز میں دو دو لاکھ روپے کے چیک دیے جائیں گے، واقعہ کی تحقیقات کررہے ہیں، ذمہ داروں کے خلاف کارروائی ہوگی۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ وزرا فیلڈ میں متحرک اور نکاسی آب کا جائزہ لے رہے ہیں، واسا کے سیکرٹری خود شہر کی صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں آج شہر کی صورتحال قابو میں ہے، سیلاب کے خدشے کے پیش نظر انتظامیہ نے کام شروع کردیا ہے۔
محسن نقوی کا مزید کہنا تھا کہ عالمگیر ترین کی وفات کی خبر راستے میں ملی، جہانگیر ترین کے بھائی کی ڈیڈ باڈی کا پوسٹ مارٹم کروا رہے ہیں، عالمگیر ترین کی فیملی سے بات کر کے مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔