لاہور: ( دنیا نیوز) محکمہ موسمیات کی جانب سے مون سون بارشوں کے سلسلے کی پیش گوئی سچ ثابت ہو گئی، بادلوں نے پنجاب کے صوبائی دار الحکومت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔
آج سے بارشوں کا نیا نظام ملک بھر میں اپنے پر پھیلا رہا ہے، شہر کے مختلف علاقوں ایبٹ روڈ، شملہ پہاڑی، گڑہی شاہو میں ہلکی بارش کے ساتھ موسم سہانا ہو گیا۔
یاد رہے کہ محکمہ موسمیات نے آج سے 17 جولائی تک مون سون بارشوں کے نئے سلسلے کی پیش گوئی کر رکھی ہے، جس کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں بادل برسیں گے، چند مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔
دوسری جانب طغیانی اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق موسلا دھار بارشوں کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آنے، پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ، آندھی اور جھکڑ چلنے سے کمزور انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔