مون سون بارشیں، 24 گھنٹے میں 6 افراد جاں بحق ہوئے: این ڈی ایم اے

Published On 10 July,2023 11:26 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی رپورٹ کے مطابق حالیہ مون سون بارشوں سے گزشتہ 24 گھنٹے میں ملک بھر سے 6 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔

رپورٹ کے مطابق سندھ میں 3، پنجاب میں 3 افراد جاں بحق ہوئے، 24 گھنٹے میں ملک بھر میں 9 افراد زخمی ہوئے، 25 جون سے اب تک ملک بھر میں 86 افراد جان کی بازی ہار گئے، جاں بحق ہونے والوں میں 33 مرد 16 خواتین اور 37 بچے شامل ہیں۔

سب سے زیادہ اموات پنجاب میں 52 رپورٹ ہوئیں، خیبرپختونخوا سے 20، بلوچستان سے 6 اموات رپورٹ ہوئیں، سندھ سے 5 اور آزاد کشمیر میں 3 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

رپورٹ کے مطابق حالیہ بارشوں سے ملک بھر میں کل 151 افراد زخمی ہوئے، زخمیوں میں 56 مرد 43 خواتین اور 52 بچے شامل ہیں، ملک بھر میں کل 97 گھروں کو نقصان پہنچا، حالیہ بارشوں اور سیلاب سے 46 مویشیوں کو نقصان پہنچا۔

این ڈی ایم اے کے مطابق دریائے راوی میں جسر کے مقام پر درمیانے سے اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے، دریائے چناب میں درمیانے درجے کے سیلاب کا امکان ہے۔

Advertisement