خیبر پختونخوا میں طوفانی بارشوں کے باعث 4 افراد جاں بحق

Published On 22 July,2023 03:41 pm

پشاور: (دنیا نیوز) خیبر پختونخوا میں طوفانی بارشوں کے باعث مختلف حادثات کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق جبکہ ایک شخص زخمی ہوگیا۔

پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبہ بھر میں سیلاب اور بارشوں سے 12 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا جبکہ مختلف حادثات کے نتیجے میں 4 افراد جان سے چلے گئے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ چترال لوئر میں سیلاب سے 9 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا۔

ترجمان محکمہ ریلیف کا کہنا ہے کہ لوئر چترال میں سیلاب کا پانی کم ہوتے ہی نقصانات کا تفصیلی اسسمنٹ شروع کی جائے گی، حساس کمیونٹیز کو پہلے ہی محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا تھا جبکہ متاثرہ خاندانوں کو کھانے پینے کی اشیاء (خشک راشن) فراہم کیا جا رہا ہے۔

محکمہ ریلیف کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ضلعی انتطامیہ، پی ڈی ایم اے، ریسکیو 1122، سول ڈیفنس، ضلعی انتطامیہ اور متعلقہ ادارے الرٹ ہے۔

ترجمان نے کہا کہ کوغوزی کے مقام پر سڑک کو ٹریفک کیلئے کلیئر کر دیا گیا ہے، دیر اپر کی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے یک طرفہ سڑک کھول دی گئی ہے جبکہ سڑک کی دو طرفہ بحالی کا کام جاری ہے۔