اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہےکہ اسحاق ڈار ہر طرح کی ذمہ داری نبھانے کے اہل ہیں۔
مصدق ملک نے کہا کہ نگران وزیراعظم کے لیے لیڈرآف دی ہاؤس تمام سیاسی جماعتوں سے مشاورت کریں گے، اسحاق ڈار معاملات بہت اچھے انداز میں لے کر چلے ہیں، کوئی بھی ذمےداری دی جائے وہ نبھائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی جوڑ توڑ پر اس وقت کوئی تبصرہ نہیں کرسکتا، نئی مردم شماری پر اعتراضات ہو گئے جنہیں دور کرنے میں کئی ماہ لگ گئے، نئی مردم شماری اگر نوٹیفائی کردی جائے تو اس کے مطابق الیکشن میں 4 سے 6 ماہ چاہئیں، حکومت کا مؤقف ہے کہ پرانی مردم شماری پر الیکشن کرا لیا جائے، نئی حلقہ بندیوں کے لیے 4 سے 6 ماہ درکار ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ (ن) لیگ کا مؤقف ہے کہ پرانی حلقہ بندیوں کی بنیاد پر الیکشن کرالیے جائیں، بہت سی جماعتیں ہمارے مؤقف کی حمایت کررہی ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں مصدق ملک کا کہنا تھا کہ بیس ریٹ اس لیے نوٹیفائی کیا گیا ہے تاکہ فیول ایڈجسمنٹ کے کوارٹرلی چارجز کم چارج ہوں۔