راولپنڈی : (دنیانیوز) سربراہ عوامی مسلم لیگ و سابق وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ نگران حکومت کے اختیارات کو طاقتور بنانے کے لیے ترمیم الیکشن کی شروعات کوہی مشکوک بنارہی ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں سربراہ عوامی مسلم لیگ و سابق وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہا کہ اسحاق ڈار کو نگران وزیراعظم بنانا نواز شریف کا فیصلہ ہے تاکہ اپنی من مانی اور دھاندلی کو جاری رکھ سکیں ۔
انہوں نے کہا کہ نگران حکومت کا سیٹ اپ طویل بھی ہوسکتا ہے، سیکشن 203 میں ترمیم آئین اور قانون اور صاف الیکشن کی موت ہوگی، پیپلز پارٹی سے ہاتھ ہونے جا رہا ہے اور اتحادیوں میں دال بٹنے والی ہے۔
سابق وزیرداخلہ نے پیش گوئی کرتے ہوئے کہا کہ ایسا نگران وزیراعظم بھی آسکتا ہے جو سیاسی حلقوں میں ابھی زیر بحث نہ ہو، عدلیہ بھی اگست کے مہینے میں اہم فیصلے کرے گی جبکہ ستمبر ستمگر ہوگا اور سیاست شدید تنازعات میں بھی الجھ سکتی ہے ۔
نگران حکومت کے اختیارات کو طاقتور بنانے کے لیے ترمیم الیکشن کی شروعات کو ہی مشکوک بنارہی ہیں اسحاق ڈار کو نگران وزیراعظم بنانا نواز شریف کا فیصلہ ہے تاکہ اپنی من مانی اور دھاندھلی کو جاری رکھ سکیں نگران حکومت کا سیٹ اپ طویل بھی ہوسکتا ہے سیکشن 203 میں ترمیم آئین اور قانون اور صاف…
— Sheikh Rashid Ahmed (@ShkhRasheed) July 26, 2023
شیخ رشید نے مزید کہا کہ پی پی پی اور نون لیگ ایک ہفتے میں آمنے سامنے ہوں گے، بہت ساری امیدیں دھری کی دھری رہ جائیں گی ، سندھ بھی پیپلز پارٹی کے لیے اتنا آسان نہیں ہوگا ۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن سے پہلے ایک نیا سیاسی جوڑتوڑ سامنے آئے گا جو اتحادیوں کی سیاست کا نقشہ بدل دے گا ، جب اتحادی اپنے اپنے انتخابی نشان پر الیکشن لڑیں گے تو اتحادیوں میں فاصلے بڑھیں گے اور ان کےووٹ بھی تقسیم ہوں گے ۔
شیخ رشید نے مزید کہا کہ نگران وزیراعظم کا فیصلہ ساری سیاسی گانٹھیں کھول دے گا اور آئندہ آنے والی سیاست کا تعین بھی کردے گا، آنے والے 2 ہفتےسیاست کے اہم ہوں گے اور ساری اکھاڑ پچھاڑ عوام کےسامنے آجائے گی اس سارے کھیل میں عوام کو بے خبر رکھا جا رہا ہے جبکہ آخری فیصلہ باشعور عوام ہی کرے گی، وقت ثابت کرے گا کہ عوام کو جاہل سمجھنے والے خود بہت بڑے جاہل تھے۔