وزیر اعظم سے ایم کیو ایم قیادت کی ملاقات، کے الیکٹرک کیخلاف شکایات کے انبار لگا دیئے

Published On 26 July,2023 05:01 pm

کراچی: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف سے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کی قیادت نے اہم ملاقات کی، ملاقات میں انہوں نے کے الیکٹرک کیخلاف شکایات کے انبار لگا دیئے۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم اور ایم کیو ایم وفد میں مجموعی سیاسی صورتحال پر بات چیت کی گئی، ایم کیو ایم قیادت نے شہباز شریف سے کہا کہ کے الیکٹرک کی اوور بلنگ سے کراچی کے شہریوں میں لاوا پک رہا ہے۔

وزیر اعظم نے ایم کیو ایم کی درخواست پر فوری اقدام کرتے ہوئے وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر کو کراچی میں کے الیکٹرک کےساتھ اجلاس کا حکم دے دیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ خرم دستگیر پیر کو ایم کیو ایم اور کے الیکٹرک حکام کے ساتھ اجلاس کریں۔

ملاقات کی اندرونی کہانی

ایم کیو ایم قیادت کو وزیراعظم شہباز شریف نے منگل کے روز اسلام آباد مدعو کر لیا، اسلام آباد میں ایم کیو ایم وفد کی مختلف وزارتوں کےحکام سے بھی الگ الگ ملاقاتیں ہوں گی۔

ایم کیو ایم نے وزیراعظم سے مطالبہ کیا کہ ساتویں قومی خانہ و مردم شماری کےعبوری نتائج موجودہ حکومت جاری کرے، وزیر اعظم نے کہا کہ تاحال پرانی حلقہ بندی، مردم شماری پر اگلے الیکشن کا فیصلہ نہیں ہوا۔

شہباز شریف نے ایم کیو ایم وفد کو یقین دلایا کہ نگران حکومت کے معاملے پر ن لیگ کمیٹی، مردم شماری پر وفاقی وزارت کے حکام سے بات چیت ہو گی، تمام فصلے اتحادیوں کی مشاورت سے ہوں گے۔

پیپلز پارٹی کے وفد کی ملاقات

دریں اثنا وزیر اعظم شہباز شریف سے گورنر سندھ کامران ٹیسوری اور وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی میں ملاقات کی، ملاقات میں موجودہ ملکی سیاسی صورتحال پر گفتگو کی گئی، ملاقات میں سندھ میں جاری وفاقی حکومت کے ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔