مردان: (دنیا نیوز) تحریک انصاف کے رہنما علی محمد خان کو پشاور ہائی کورٹ سے ضمانت ملنے کے بعد مردان جیل سے رہا کر دیا گیا۔
سابق وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان کی 80 دن بعد جیل سے رہائی ممکن ہوئی ہے، 3 ماہ کے دوران علی محمد خان کو 7 بار رہا ہونے کے بعد حراست میں لیا گیا، ان کی پہلی گرفتاری 9 اور 10 مئی کو توڑ پھوڑ کے مقدمے میں ہوئی تھی۔
قبل ازیں پشاور ہائی کورٹ میں علی محمد خان کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی، جسٹس اعجاز انور اور جسٹس فضل سبحان پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی، عدالت نے علی محمد خان کی ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم دیا۔
دوران سماعت جسٹس اعجاز انور نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ ڈپٹی کمشنر مردان آئندہ سماعت پر خود پیش ہوں، ایک ڈی سی کو عبرت کا نشان بنائیں گے تو پھرغیر قانونی کام کوئی نہیں کرے گا، عدالت عالیہ نے ڈپٹی کمشنر مردان کو ذاتی حیثیت میں طلب کرتے ہوئے سماعت 8 اگست تک ملتوی کردی۔