لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن رضا نقوی نے یوم عاشور پر سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے صوبائی دارالحکومت لاہور کا فضائی دورہ کیا، چیف سیکرٹری، آئی جی پنجاب، کمشنر لاہور ڈویژن اور سی سی پی او بھی ان کے ہمراہ تھے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب محسن رضا نقوی نے شہر کے مختلف علاقوں میں یوم عاشور پر کئے گئے سکیورٹی انتظامات کا فضائی معائنہ کیا، انہوں نے جلوسوں کے روٹس اور پولیس کے انتظامات کا جائزہ لیا، محسن نقوی نے اندرون شہر، کربلا گامے شاہ، انار کلی، اسلام پورہ، ٹھوکر نیاز بیگ اور دیگر علاقوں کا فضائی دورہ کیا، نگران وزیر اعلیٰ پنجاب نے سکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔
نگران وزیر اعلیٰ محسن رضا نقوی نے سکیورٹی انتظامات کی مسلسل نگرانی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ یوم عاشور پر پنجاب حکومت نے امن و امان برقرار رکھنے کیلئے بہترین انتظامات کئے ہیں، پولیس اور انتظامیہ وضع کردہ سکیورٹی پلان پر ہر صورت عملدرآمد یقینی بنائیں۔
انہوں نے کہا کہ دشمن کے ناپاک عزائم ناکام بنانے کیلئے پوری فورس چوکس ہے، یوم عاشور پر جلوسوں اور مجالس کی نگرانی کیلئے جدید نظام وضع کیا گیا ہے، ہیلی کاپٹروں کی مدد سے فضائی نگرانی بھی کی جا رہی ہے، انشاء اللہ پنجاب حکومت کے اقدامات سے یوم عاشور پرامن رہے گا۔