حکومتی اتحاد میں شامل چھوٹی جماعتوں سے نگران وزیراعظم کیلئے نام طلب

Published On 01 August,2023 01:49 am

اسلام آباد : ( دنیا نیوز ) حکومتی اتحاد میں شامل چھوٹی جماعتوں سے نگران وزیراعظم کیلئے دو روز میں نام طلب کر لئے گئے۔

ذرائع کے مطابق نگران سیٹ اپ کی تشکیل کیلئے حکومتی اتحادیوں کا سپیکر چیمبر میں مشاورتی اجلاس ہوا جس میں پاکستان پیپلزپارٹی، ن لیگ، جمہوری وطن پارٹی، بلوچستان عوامی پارٹی اور ق لیگ کے رہنماوں نے شرکت کی۔

ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں اسمبلی تحلیل اور نگران سیٹ اپ کی تشکیل پر مشاورت کی گئی۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ اجلاس میں چھوٹی اتحادی جماعتوں سے نگران وزیراعظم کیلئے دو روز میں نام طلب کر لئے گئے جبکہ چھوٹی جماعتیں ناموں کو دو روز میں حتمی شکل دیں گی۔

ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ نگران سیٹ اپ کے بارے اتحادیوں کا مشاورتی اجلاس دوبارہ بلانے کا فیصلہ کیا گیا جو کہ رواں ہفتے  ہو گا۔