سیاسی، سماجی، اقتصادی تباہی کے بعد آئین و قانون آخری ہچکیاں لے رہا ہے، شیخ رشید

Published On 02 August,2023 11:21 am

راولپنڈی: (دنیا نیوز) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ ملک میں سیاسی، سماجی اور اقتصادی تباہی کے بعد آئین اور قانون آخری ہچکیاں لے رہا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ مہنگائی مارچ کرنے والی آخری 10 دن کی حکومت سے کون غیر ملکی سرمایہ کاری کے معاہدے کرے گا؟، پٹرول بم سے بڑا بم بجلی کے بل کے ساتھ عوام کو ملنے والا ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمران آئندہ 10 دنوں میں عوام کیلئے مزید تباہی اور بربادی کے فیصلے کرکے جائیں گے، عوام کو ریلیف نہیں تکلیف دے کر جائیں گے، ایک طرف کانفرنس پر کانفرنس کی جا رہی ہیں تو دوسری طرف مہنگائی اور بے روزگاری سے غریب کا گلا کاٹا جا رہا ہے۔

سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ 85 ممبران پر مشتمل دنیا کی سب سے بڑی شاہی کابینہ جو 10 دنوں کی مہمان اداکار ہے جاتے جاتے پٹرول، آٹا، چینی، گیس اور بجلی پر ایسا جھاڑو پھیر کر جا رہی ہے کہ غریب معاشی طور پر زندہ مر گیا ہے، جو حکمران سب اچھا کہہ رہے ہیں وہ بھی شکنجے میں آنے والے ہیں، ان کی خواہشیں اور خبریں 10 دنوں میں دم توڑ جائیں گی۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ الیکشن ہونا یا نہ ہونا یہ وقت آنے پر کرنے کی بات ہے، یہ اب غریب کا کیس نہیں رہا، 90 دن تو ایک بہانہ ہے، اصل میں انہوں نے الیکشن کو آگے کہیں اور لے کر جانا ہے اور قانون کی بالادستی کا بھی جنازہ نکالنا ہے، اگر سپریم کورٹ اپنے فیصلوں پر عملدرآمد نہ کروا سکی تو 25 کروڑ عوام مایوسی کے دلدل میں کوئی بھی رخ اختیار کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اور پی ڈی ایم کے تمام سیاستدان الیکشن کے حوالے سے مختلف بیانات دے رہے ہیں اور ساری ذمہ داری اب الیکشن کمیشن پر ڈال رہے ہیں، الیکشن کمیشن کیلئے بہترین موقع ہے کہ تمام قیاس آرائیاں اور الیکشن کمیشن پر اٹھنے والی انگلیاں ختم کر دے۔

سربراہ عوامی مسلم لیگ کا مزید کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کو چاہیے کہ ایسا شفاف اور غیر جانبدار الیکشن کروائے کہ تاریخ میں نام لکھا جائے، یہ الیکشن کمیشن کی عزت، جمہوریت، پاکستان اور غریب عوام کی زندگی اور موت کا سوال ہے۔