سینیٹ نے خودمختار دولت فنڈ بل کثرت رائے سے منظور کر لیا، اپوزیشن کی مخالفت

Published On 02 August,2023 05:29 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سینیٹ نے پاکستان خودمختار دولت فنڈ کا بل کثرت رائے سے منظور کر لیا، بل کی اپوزیشن کی جانب سے مخالفت کی گئی۔

پاکستان ساورن ویلتھ فنڈ بل وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے پیش کیا، اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ یہ قدم ملکی مفاد میں ہے، ساورن ویلتھ فنڈ پاکستان کا فنڈ ہے، ، ہمیں غیر سیاسی ہو کر سوچنا چاہیے، ملک کے ساتھ بہت کھیل لیا، ہروقت پاکستان کے خلاف بات نہیں کرنی چاہیے۔

وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان کا امیج دنیا میں بہتر کرنا ہے جس کیلئے ہم دن رات کام کر رہے ہیں، پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر بہتر ہو رہے ہیں، تین ہزار ملین ڈالر کے پاکستان کے پاس معدنیات کے ذخائر ہیں، دنیا کا سب سے بڑا گیس پائپ لائن نیٹ ورک ہے۔

یہ بھی پڑھیں: 4 دن میں 54 بل منظور، ملکی پارلیمانی تاریخ میں تیز ترین قانون سازی کا ریکارڈ قائم

وزیر خزانہ نے مزید کہا ہے کہ سانحہ اے پی ایس کے بعد تمام سیاسی جماعتیں اکٹھی ہوئیں، نیشنل ایکشن پلان بنایا گیا، نیشنل ایکشن پلان کے کچھ حصوں پر عملدرآمد نہیں کیا، ضرب عضب کیلئے تمام وسائل فراہم کیے، دہشت گردی کیخلاف جنگ سے آنے والی نسلوں کو بچایا۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ خیبرپختونخوا کو دہشتگردی کے خاتمے کیلئے فنڈز دیئے وہ فاٹا میں خرچ نہیں ہوئے، بدقسمتی سے دہشتگردی کے واقعات پھر سے سر اٹھانے لگے ہیں، باجوڑ میں دلخراش واقعے کی بھرپور مذمت کرتے ہیں، دہشتگردوں کو واپس لانے والے قوم سے معافی مانگیں۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ ہم نے اپنے دور حکومت میں فیصلہ کیا کہ دہشتگردی کیخلاف فیصلہ کن جنگ کی جائے، ضرب عضب، ردالفساد سے ملک میں امن بحال ہوا، وزارت داخلہ پچھلے 10 سال کا پورا ریکارڈ دے تاکہ پتا چلے کب کیا ہوا، ایک سال میں 71 بلین روپے خیبرپختونخوا کو دیئے۔

اسحاق ڈار نے مزید کہا ہے کہ کیا ہم اندھے ہیں کیوں ہم نے ہجرت کرنے والے دہشتگردوں سے مذاکرات کیے، کیوں دہشت گردوں کو واپس لایا گیا، کیوں جیلوں سے رہا کرایا گیا؟، دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے دیئے گئے فنڈز ابھی تک فاٹا پر خرچ نہیں ہوئے۔