پشاور: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے پشاور کا دورہ کیا، کور کمانڈر پشاور نے وزیر اعظم اور چیف آف آرمی سٹاف کا پشاور پہنچنے پر استقبال کیا۔
شہباز شریف اور جنرل عاصم منیر نے سی ایم ایچ پشاور کا دورہ کیا اور باجوڑ دھماکے میں زخمی افراد کی عیادت کی، انہوں نے صحت کے بارے میں دریافت کیا، وزیر اعظم نے حکام کو زخمیوں کی مکمل صحتیابی تک علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
یہ بھی پڑھیں: باتیں بہت ہوگئیں، اب عمل سے ترقی کے اہداف حاصل کرنے ہیں، وزیراعظم
وزیر اعظم شہباز شریف نے دھماکے میں متاثر ہونے والوں کے خاندانوں کو یقین دلاتے ہوئے کہا کہ قوم دکھ کی گھڑی میں آپ کے ساتھ کھڑی ہے اور نقصان میں برابر کی شریک ہے، دہشتگردوں کے بزدلانہ حملے دہشتگردی کے خاتمہ کیلئے ہمارے عزم کو کمزور نہیں کر سکتے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے مزید کہا ہے کہ قوم کے تعاون سے سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ بزدلانہ حملوں کے ذمہ داروں کو جلد انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے، افغان عبوری حکومت کو اپنی سرزمین کسی دوسرے ملک میں دہشت گردی کیلئے استعمال ہونے سے روکنے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھانے چاہئیں۔
یہ بھی پڑھیں: ہماری معاشرتی ذمہ داری ہے کہ مل کر ملکی معیشت میں کردار ادا کریں: آرمی چیف
دورہ پشاور کے دوران وزیر اعظم کو صوبے کی مجموعی سکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی گئی، انہیں باجوڑ خودکش دھماکے، تحقیقات پر پیشرفت، منصوبہ سازوں، دہشتگردوں، سہولت کاروں کے درمیان روابط کے خاتمے اور انسداد دہشتگردی کے اقدامات کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔
شہباز شریف نے خودکش دھماکوں میں افغان شہریوں کے ملوث ہونے، سرحد پار سے شہریوں پر بزدلانہ حملوں کی منصوبہ بندی کرنے اور پاکستان دشمن عناصر کی کارروائیوں پر تشویش کا اظہار کیا، وزیراعظم نے زخمیوں کو پشاور منتقل کرنے کیلئے پاک فوج کی ہنگامی کاوشوں کو سراہا۔