اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف سے بیرک گولڈ کمپنی کے وفد نے چیف ایگزیکٹو آفیسر مارک برسٹوو کی سربراہی میں ملاقات کی، ملاقات میں بیرک گولڈ کے وفد نے ریکوڈک منصوبے پر سرمایہ کاری میں حکومت کے حصے کی پاکستانی روپوں میں ادائیگی پر اتفاق کیا۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان منرل سمٹ میں بیرک گولڈ سمیت دیگر بین الاقوامی کمپنیوں نے شرکت کی، پاکستان میں بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے اعتماد کی بحالی کی سند ہے، منرل سمٹ کی کامیابی اور پاکستان میں بیرک گولڈ جیسی بین الاقوامی کمپنیوں کے اعتماد کی بحالی سپیشل انویسٹمنٹ فسیلی ٹیشن کونسل کے اجراء سے ممکن ہوا۔
یہ بھی پڑھیں: عالمی مارکیٹ کے مقابلے پٹرول کی قیمت میں ہوشربا اضافہ، اوگرا تجاویز بھی نظرانداز
ملاقات میں مارک برسٹوو نے وزیراعظم کو ریکو ڈک میں جاری ترقیاتی کام پر پیشرفت کے حوالے سے آگاہ کیا، شہباز شریف نے کہا کہ پورا پاکستان خصوصاً بلوچستان معدنیات سے مالا مال ہیں، ان قدرتی وسائل سے بھرپور استفادہ حاصل کرنے کے لئے حکومت ترجیحی بنیادوں پر کام کر رہی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ریکو ڈک منصوبہ بلوچستان اور علاقے کی ترقی کیلئے گیم چینجر ثابت ہو گا، اس منصوبے سے صوبے کی ترقی اور لوگوں کی خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہو گا، منصوبے پر عملدرآمد کے لیے تمام متعلقہ ادارے اپنی ذمہ داری پوری کریں۔
یہ بھی پڑھیں: ’ایک ہی بار مار دیا جائے‘: پٹرول کی قیمت بڑھنے پر عوام پھٹ پڑے
اس موقع پر وزیر اعظم کو بریفنگ دی گئی کہ ریکوڈک میں کمیونٹی ڈویلپمنٹ کمیٹی کا قیام کیا گیا، یہ بلوچستان کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ترجیحی بنیادوں پر ممکنہ اقدامات کی نشاندہی کرتی ہے۔
کمیٹی میں شامل مقامی عمائدین مقامی لوگوں کی ترقی کیلئے منصوبوں کی نشاندہی خود کرتے ہیں، ریکوڈک منصوبے میں بلوچستان بالخصوص باصلاحیت مقامی افراد کو روزگار کے مواقع فراہم کئے جا رہے ہیں، منصوبے کی سرمایہ کاری میں سے علاقے کی ترقی پر بھی خطیر رقم خرچ کی جائے گی۔