اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان میں نومبر میں انتخابات ہو جائیں گے البتہ انتخابات میں ایک سے دو مہینے کی تاخیر ہو سکتی ہے۔
امریکی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ 9 اگست کی شام تک اسمبلی تحلیل کر دی جائے گی جس کے بعد آئین کے مطابق 90 دن میں انتخابات کرانا ضروری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں نومبر میں انتخابات ہو جائیں گے البتہ مخصوص حالات میں الیکشن کمیشن ایک سے دو مہینے کے لئے الیکشن کرانے میں تاخیر کر سکتا ہے لیکن اس سے زیادہ انتخابات میں تاخیر نہیں ہو سکتی۔
علاوہ ازیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کا کہنا تھا کہ انتخابات ایک سے 2 ماہ میں ہو جانے چاہئیں کیونکہ کوئی نئی حلقہ بندیاں نہیں ہو رہیں، نواز شریف انتخابات سے قبل ضرور پاکستان آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ہمیں 20 سال پہلے والے سیاسی اور معاشی بحران کی طرف لے گئی ہے، جمہوریت میں وزیر اعظم کا آنا جانا لگا رہتا ہے، برطانیہ بھی اس کی ایک مثال ہے۔