اسلام آباد: (دنیانیوز) وزیر دفاع خواجہ آصف کاکہنا ہے کہ الحمد للہ آئی ایم ایف کا معاہدہ تمام ترخدشات کے باوجود مکمل ہوگیاہے ۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ الحمد للہ آئی ایم ایف کا معاہدہ تمام ترخدشات کے باوجود مکمل ہوا، وزیراعظم وزیر خزانہ اور ٹیم کے تمام اراکین مبارکباد کے مستحق ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ بہت سے " خیر خواہوں" کی امیدوں پر پانی پِھرگیا ہے، جن میں دوست دشمن بھی شامل تھے، اللہ کرے تمام پاکستانی جن کو ٹیکس ادا کرنا چاہئیے ٹیکس اداکریں ، ٹیکس چوری بدترین ملک دشمنی ہے اور غریب عوام کے معاشی قتل کے مترادف ہے۔
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ رشوت اور قومی خزانے کی لوٹ مار بند ہو، آئی ایم ایف معاہدہ ہمیں معاشی امراض سے صرف چھٹکارے کیلئے مہلت فراہم کرتا ہے ، مکمل علاج ہم نے خود کرنا ہے ۔
ان کامزید کہنا تھا کہ اللہ ہماری دولتمند مراعات یافتہ اشرافیہ کو وطن کی محبت کی دولت سے مالا مال کرے اور انہیں عام پاکستانی کی مشکلات سمجھنے کی توفیق عطا فرمائے۔
واضح رہے کہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستان سے اسٹاف لیول معاہدہ کر لیا ہے، پاکستان اور آئی ایم ایف کا 3 ارب ڈالرز اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ کا معاہدہ ہوا ہے۔