سندھ حکومت کا شہید پولیس اہلکاروں کا معاوضہ پنجاب پولیس کے برابر کرنے کا فیصلہ

Published On 08 August,2023 11:32 pm

کراچی: (دنیا نیوز) سندھ حکومت نے شہید پولیس اہلکاروں کا معاوضہ پنجاب پولیس کے برابر کرنے کا فیصلہ کر لیا، شہید و زخمی پولیس اہلکاروں، افسران کے اہل خانہ کیلئے مراعات میں بھی اضافہ کیا جائے گا۔

شہید پولیس جوانوں کے اہل خانہ، زخمی پولیس اہلکاروں کی مراعات میں اضافے کا معاملہ کابینہ میں پیش کیا جائے گا، سندھ کابینہ کا اجلاس 9 اگست کو طلب کیا گیا ہے۔

سندھ کابینہ اجلاس میں کچے کے الاؤنس کا معاملہ بھی زیر غور آئے گا، گھوٹکی، سکھر، شکار پور، کشمور اضلاع کے کچے میں تعینات پولیس کو کچہ الاؤنس دیا جائے گا۔

اجلاس میں سندھ کابینہ کو تھرکول سے چھور، بن قاسم سے پورٹ قاسم تک ریلوے لائن پر بریفنگ دی جائے گی۔

سندھ کابینہ کے اجلاس میں منتخب بلدیاتی نمائندوں کی تنخواہ میں اضافے پر رپورٹ منظوری کے لیے پیش کی جائے گی۔