گوادر: (دنیا نیوز) گوادر میں دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سکیورٹی فورسز کے آپریشن میں ایک دہشت گرد ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سکیورٹی فورسز نے آپریشن کیا، اس دوران دہشت گردوں نے فائرنگ شروع کر دی، سکیورٹی فورسز سے فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد مارا گیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے تبادلے میں تین دہشت گرد زخمی بھی ہوئے ہیں، سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ جمعے کے روز بھی سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے مزبند کے پہاڑی سلسلے میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، آپریشن کے دوران 2 دہشت گرد مارے گئے جبکہ ایک دہشت گرد زخمی ہوا جسے گرفتار کر لیا گیا۔